مت جلو ، مت سڑو ، نصیب میں ہوگا تو اقتدار ملے گا ،اسحاق ڈار

October 22, 2016

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عمران خان پربھرپوروار کرتے ہوئے کہا کہ کہتا ہوں مت جلو، مت سڑو، نصیب میں ہوگا تو اقتدار ملے گا،کنٹینر پر چڑھنے والے کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی ۔

انہوں نے اسلام آبادچیمبرآف کامرس کی تقریب سے خطاب میں مزید کہا کہ کچھ بیرون ملک عناصر کوپاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے، اچھی خبریں کچھ لوگوں پر بجلی بن کر گرتی ہیں اور انہیں ڈائریا ہوجاتا ہے، لوگ خیرات کے پیسے کھاجاتے ہیں اور اس کاحساب بھی نہیں دیتے ۔

اسحاق ڈار نے عمران خان کو مسلسل سیاسی ناکامی پر بوکھلاہٹ کا شکار قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن احتساب سے کبھی نہیں بھاگی، وہ تین سال سے کہہ رہے ہیں کہ سیاست کو معیشت سے علیحدہ کردیں۔

وزیرخزانہ نے یہ بھی کہا کہ ماضی کا رونا رونے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، ہم میں بےوقوف لوگ ہیں جوبیرونی اشاروں پر ملک کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔