یکم نومبر سے شہر میں تمام شادی ہال رات10 بجے بند ہوں گے

October 25, 2016

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر صنعت وتجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ فیصلہ ہوچکا ہے کہ تمام شادی ہالز اور فائیواسٹار ہوٹلز کے بند ہونے کا وقت ایک ہی ہوگا، یکم نومبر سے شادی ہالز دس بجے رات بند ہونگے ہم خود بھی اس فیصلہ پر عمل کریں گے اگر کسی ایم پی اے یا وزیر کے بیٹے کی شادی بھی ہوگی تو ان تمام کو قانون پر عمل درآمد کرنا ہوگا قانون سب کے لئے برابر ہے جو عمل نہیں کریگا اسے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے سندھ سیکریٹریٹ میں شادی ہالز ایسوسی ایشن کے وفدسے ملاقات کہ بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔منظور حسین وسان نے کہا کے شادی ہالز ایسوسی ا یشن والوں کے بھی کچھ تحفظات ہیں وہ وزیراعلی سندھ تک پہنچائوں گا شادی ہالز والوں نے بھی ہر شادی ہال میں ون ڈش ہونے والی بات کو بھی سراہا ہے اور حکومت سے بھی مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جو کہتے ہیں کہ تبدیلی نہیں آئیگی میں ان کو کہتا ہوں کہ تبدیلی آرہی ہے پرانا وقت ختم ہوگیا ہے نیا وقت شروع ہورہا ہے سویرے اٹھو اور سویرے سوجائو کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے اب حالات پہلے سے بہتر ہوگئے ہیں قانون سب کے لیے ہے۔ منظور حسین وسان نے ایک سوال کہ جواب میں کہا کہ گورنر سندھ بہت ہی ٹھنڈے مزاج کے آدمی ہیں جس منصب پر وہ بیٹھے ہیں ان کو جواب نہیں دینا چاہیے تھا متحدہ کے تمام دھڑوں کہ درمیاں پکنے والی کھچڑی کا فائدہ کوئی اور اٹھا سکتا ہے۔