سوبھو ڈیرو ٹائون کمیٹی کا اجلاس ،اٹھارہ کروڑ سے زائد کا بجٹ پیش

October 25, 2016

سوبھو ڈیرو (نامہ نگار ) ٹاؤن کمیٹی سوبھوڈیرو کا اجلاس چیئرمین استاد رسول بخش سہتو کی صدارت میں ہوا ۔اجلاس میں وائس چیئرمین محمد بچل سامٹیو اور ممبران کے علاوہ ٹاؤن آفیسر سوبھوڈیرو حبیب احمد کمبوہ صحافیوں اور معزز شہريوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں استاد رسول بخش سہتو نے اٹھارہ کروڑ پینتیس لاکھ پندرہ ہزار کا بجٹ پیش کیا جس کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سات کروڑ ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ تین کروڑ تنخواہوں کے لئے، ایک کروڑ سولر سسٹم ،بیس لاکھ اسٹریٹ لائٹس، تین کروڑ روپے غریب لڑکیوں کے جہیز اور قرضے کے لیے، تیس لاکھ روپے پرائمری سے یونیورسٹی تک غریب طلبہ و طالبات کے اسکالر شپ کے لیے رکھے گئے ہیں ۔استاد رسول بخش سہتو نے بتایا کہ سالانہ خرچ اٹھارہ کروڑ اکسٹھ لاکھ بیس ہزار دو سو بیاسی ہے۔اس حساب سے چھبیس لاکھ روپے کا خسارہ ہے بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔