پانچویں سےبارہویں تک ترجمہ کے ساتھ قرآن مجید کی تعلیم لازمی کرنے کی ہدایت

October 25, 2016

لاہور( وقائع نگار خصوصی )وفاقی وزیرِ مذہبی امورسردار محمد یوسف نے پانچویں جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک ترجمہ کے ساتھ قرآن مجید کی تعلیم کو لازمی قرار دے دیا جبکہ سرکاری ٹی وی اورریڈیو پر پانچوں وقت کی اذانین دینے کا اہتمام کرنے کی بھی ہدایات جاری کردیں ۔پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام "القرآن"کی سلور جوبلی کے موقع پر’’صوۃ القرأ انٹرنیشنل پاکستان ‘‘کی سلور جوبلی ایوارڈتقریب کے موقع پر انھوں نے چیئرمین سید قاری صداقت علی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے لاکھوں افراد نے قران مجید پڑھنا سیکھا ۔ وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ اینڈ ورکس اور خیبر پختونخواہ کے سابق وزیراعلیٰ اکرم خان درانی نے پروگرام ـ"القرآن"کو سراہتے ہوئے اسے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے پر زور دیا ۔جنرل منیجرلاہور سینٹر بشارت خان نے کہا کہ پاکستا ن کا قیام اسلام کے نام پر ہوا اور پاکستان ٹیلی ویژن پاکستان کی نظریاتی اساس کا امین ہے ۔تقریب کے اختتام پروفاقی وزیر مذہبی امور سردارمحمد یوسف ،جے یوپی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اورڈائریکٹر جنرل ایران خانہ فرہنگ اکبر برخورداری نے ایوارڈز تقسیم کئے۔