کے ڈی اے،تیاریوں کے با وجود گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس نہ ہو سکا

October 26, 2016

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بحالی کے بعد تاخیر سے مکمل کی جانے والی گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس تمام تر تیاریوں کے باوجود منگل کونہیں ہو سکا تقریبا ایک ہفتہ قبل کے ڈی اے نے گورننگ باڈی کے اجلاس کا شیڈول بنایا تھا اور گزشتہ دو روز سے سوک سینٹر میں واقع کے ڈی اے کے صدر دفتر صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ تزئین و آرائش کا سلسلہ جاری تھا اور گورننگ باڈی کے اراکین اور شرکاء کے لیے ایک فائیو اسٹار ہو ٹل سے لنچ باکس منگوائے گئے تھے کے ڈی اے نے اجلاس کا دعوت نامہ بھی تیار کر لیا تھا تاہم گزشتہ شب اچانک اجلاس کی جگہ تبدیل کر کے سوک سینٹر کی بجائے کلفٹن میں واقع وزیر بلدیات کے کیمپ آفس رکھا گیا جس کے بعد ناگزیر وجہ پر اجلاس منسوخ کردیا گیا اجلاس کی منسوخی پر کے ڈی اے کے ملازمین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم توقع کر رہے تھے کہ اجلاس میں کے ڈی اے اور شہر کی بہتر ی کے لیے اہم فیصلےکیے جائیں گےدریں اثناء ذرائع کے مطابق گورننگ باڈی کے اجلاس کے شرکاء کی تواضع کے لیے منگواے گئے لنچ باکس میں سے 5 لنچ باکس گورننگ باڈی کے ایک رکن کے دفتر میں تعینات ایک افسر کو بھجوا د ئیے گئےجب کہ قائم مقام ڈی جی کے ڈی اے نے بچ جانے والے لنچ باکس سےدیگرمحکمےکے دوستوں کے ہمراہ دوپہر کا کھانا کھایا،دلچسپ امر یہ ہے کہ کے ڈی اے گورننگ باڈی کے اجلاس کی تیاریوں میں لگاتار 3 دن سے مصروف 2 افسران نے لنچ باکس نہ ملنے پر سوک سینٹر سے چھولے منگواکر دوپہر کا کھانا کھایا۔