عمران خان کا دھرنے کی جگہ کل پریڈ گرائونڈ میں جلسے کا اعلان

November 01, 2016

عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے جواب مانگنے پر سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،عدالت عظمیٰ میں پرسوں سے پاناما لیکس پر نوازشریف کی تلاشی شروع ہوگی ،یوم تشکر منانے کیلئے کارکنان کل پریڈ گرائونڈ پہنچیں۔

بنی گالہ میں کارکنان سے خطاب میں انہوں نے دھرنے کی جگہ کل پریڈ گرائونڈ میں جلسےکا اعلان کیا اور دس لاکھ افراد کواس میں پہنچنے کا کہا۔

پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ نوازشریف احتساب سے بھاگ رہے تھے،سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کی تلاشی کا حکم دیدیا ہے ۔

ان کا کہناتھاکہ نواز شریف احتساب سے بھاگنے کےلیے سب پر کرپٹ ہونے کا الزام لگارہے تھے ، میری دو شرائط تھیں ، وزیراعظم نوازشریف استعفیٰ دیں یا تحقیقات کا سامنا کریں گے ۔

عمران خا ن نے مزید کہا کہ پاناما پیپرز کے انکشاف کے بعد 7 مہینے سے جدوجہد کررہےہیں ،ہم نے کوشش کی پارلیمنٹ سے انصاف ملے ، نہیں ملا،نیب ، ایف آئی اے سے بھی انصاف نہ ملا تو عوام کے پاس جانےکا فیصلہ کیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کبھی طاقت و جوابدہ نہیں ہوا،کبھی انصاف کے اداروں نے طاقتور کو نہیں پکڑا ، پاکستان کی ترقی کو نواز شریف نقصان پہنچاچکے ، میں کرپشن کو نقصان پہنچا رہاہوں ۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو ملک کا مجاہد قرار دیا اور پہاڑیاں چڑھ کر بنی گالہ آنے والے کارکنوں کو مبارکباد دی اور خراج تحسین پیش کیا ۔

عمران خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ’ڈرامہ شریف ‘نے فون کیا تو پرویزخٹک نے کہا ،شہباز شریف تمھیں بھی ایسے دن کا سامنا کرنا پڑے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف20سالہ جدوجہد میں جو لوگ میرے ساتھ رہے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔