اسلام آباد دھرنا:فروٹ کے ٹرک کراچی نہ پہنچ سکے

November 02, 2016

ہول سیل ویجیٹیبل تاجر ایسوسی ایشن نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو روکنے کے خاطر انتظامیہ کی جانب سے سبزیوں اور فروٹس سے بھرے کنٹینر زکو پکڑنے اور اس سے رابطہ سڑکوں کو بند کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔

تاجر ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ گاڑیوں اور کنٹینرز کو فوری نہ چھوڑا گیا تو کراچی سبزی منڈی میں غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کرنے پر مجبور ہو جائیں گے اور سپرہائی وے ٹول پلازہ کو مکمل طور پر بند کردیا جائیگا ۔

ہول سیل ویجیٹیبل تاجر ایسوسی ایشن کا اجلاس سپر ہائی وے آفس پر منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں منڈی تاجروں نے شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تاجرایسوسی ایشن حضرت نبی نے کہا کہ ناکوںکے باعث مال سے بھری گاڑیاں کھڑی کر دی گئی ہیں جس سے ہمارا کروڑوں کا مال سڑکوں پر خراب ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ صرف سبزیاں ہی نہیں بلکہ فروٹس سے بھرے کنٹینرز کو پکڑ لینے سے نہ پھل خراب ہونے اور اس سے مالی نقصان کا احتمال بھی ہے ۔ جنرل سیکریڑی تاجر ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہماری گاڑیوں کو کنٹینرز سمیت فوری طور پر نہ چھوڑا گیا تو ہڑتال کی کال دیں گے ۔