فرانس کا دورہ کرنیوالےتجارتی وفودکوسہولتیں فراہم کرینگے،قونصل جنرل

December 02, 2016

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں تعینات فرانس کے قونصل جنرل فرانکوئس ڈل اورسو نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے ممبرز درآمد کنندگان کو فرانس کے دورے کی دعوت دی ہے اور دونوں ملکوں کے تاجروں میں روابط بڑھانے اور تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین ناصر فتح ککڈا کی تجارتی وفود کے تبادلے سے متعلق تجویز کوسراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ فرانس کا دورہ کرنے کے خواہش مند پاکستانی تجارتی وفودکو ہرممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پی سی ڈی ایم اے کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین سہیل اشرف وہرہ،سابق چیئرمین خواجہ عارف کپور، چوہدری نصیر،عارف بالاگام والا، ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین و دیگر ممبران بھی موجود تھے۔قونصل جنرل نے کہاکہ فرانس کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے اور فرانسیسی سرمایہ کاروں کوسرمایہ کاری کرنے کی طرف راغب کرنے کے لیے بیرونی دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر بناناہو گا کیونکہ فرانس کے تاجر یہاں آنے سے ڈرتے ہیں تاہم وہ ذاتی کوششوں سے دونوں ممالک کی تاجربرادری کو قریب لانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز کے درآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ فرانس میں کیمیکلز اینڈ ڈائز سے متعلق کاروباری مواقع کا جائزہ لیں تاکہ مشترکہ شراکت داری اور کاروبار کی راہیں ہموار ہوسکیں۔ انہوں نے پی سی ڈی ایم اے ممبران کو ترجیحی بنیادوں پر ویزے کے اجراء اور فرانس کے تاجروں سے رابط میں تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ناصر فتح ککڈا نے قونصل جنرل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور فرانس کے دیرینہ تعلقات قائم ہیں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع اور منافع بخش مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم 1.5ارب یورو ہے جو دستیاب مواقع کے مطابق بہت کم ہے جس میں مزید اضافے کی گنجائش ہے۔