سندھ ریونیو بورڈ انشورنس خدمات بھی سیلز ٹیکس کےدائرے میں لائے،مرادعلی شاہ

January 11, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ ریونیوبورڈ کو ہدایت کی کہ وہ انشورنس کی خدمات کو بھی سیلز ٹیکس کے دائرے میں لانے کے لئے تمام تر ضروری اقداما ت کریں ۔ انہوں نے یہ بات آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں چیئرمین سندھ ریونیوبورڈ خالد محمود سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکریٹری خزانہ حسن نقوی بھی مو جود تھے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سے سندھ ریونیو بورڈ اور سندھ سیلز ٹیکس اور خدمات پر سندھ سیلز ٹیکس بشمول لائف انشورنس ، ہیلتھ انشورنس اور ریسٹورنٹ وغیرہ پر سیلز ٹیکس جیسے مسائل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ ریونیو بورڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ رواں مالی سال کے لئے 78ارب روپے کے مقررہ ہدف کے حصول کے لئے تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لائیں ۔ اس پر چیئر مین ایس آر بی خالد محمود نے کہاکہ ایس آر بی اپنے 6ماہ کے ہدفسے 21فیصد زائد وصولی کر چکا ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے ایس آر بی سے متعلق مختلف انتظامی اور ٹیکنیکل ایشوز کے حوالے سے بھی فیصلے کئے تاکہ یہ خدمات پر سیلز ٹیکس جمع کرنے کے اپنے ٹاسک پر مزید موثرطریقے سے کام کر سکیں ۔ انہوں نے چیئر مین ایس آر بی کو ہدایت کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ ٹیکس جمع کریں مگر اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان کو سہولتیں بھی فراہم کریں ٹیکس اور ٹیکس کے طریقہ کار کو سادہ اور سہل بنا ئیں ۔ انہوں نے چیئر مین ایس آر بی کو ہدایت کی کہ وہ ایس آر بی کے دفترکی مناسب مقام پر تعمیر کی کوششیں کریں ۔ ا نہوں نے کہاکہ آپ کی اپنی عمارت اور علیحدہ دفتر ہو نا چاہئے۔