غوث اعظم ؒکی تعلیمات پر عمل کرکے زندگیوں کو بدلا جاسکتا ہے، مفتی اقبال

January 11, 2017

برمنگھم (نمائندہ جنگ) مرکزی جامع مسجد رضا و مرکز اہلسنت آسٹن میں حضرت پیر عبدالقادر جیلانی المعروف غوث اعظمؒ کا عرس انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ صدر مسجد کمیٹی الحاج صوفی محمد ایوب قادری کی صدارت و سرپرستی میں منعقد ہونے والی اس روحانی تقریب سے مفتی محمد اقبال چشتی آف پاکستان، علامہ حافظ محمد عقیل ایوب قادری عطاری، علامہ حافظ محمد جاوید خان، حافظ محمد فاروق حاجی اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر محمد عمران حسن اور احمد رضا گولڑوی نے نذرانہ عقیدت بحضور سرور کونینﷺ پیش کیا۔ مقررین نے زور دیا کہ حضرت غوث پاکؒ کی تعلیمات اور سیرت پر عمل کرکے اپنی زندگیوں کو بدلا جاسکتا ہے۔ مسلمان خصوصاً نوجوان نسل اولیا اکرام اور صوفیا عظام سے دور جارہے ہیں۔ ان کے دلوں میں حقیقی اسلام اور عشق رسولﷺ بسانے کے لیے حضرت غوث پاکؒ کی امن و محبت پر مبنی تعلیمات کو عام کرنا ہوگا۔ عرس کی اس تقریب میں حضرت غوث اعظمؒ کے عقیدت مندوں کے علاوہ مسجد کمیٹی کے نائب صدر حاجی محمد شفیع، سیکرٹری جنرل راجہ محمد اکرم خان، خازن راجہ محمد سعید، نائب ناظم الحاج برکت حسین، ڈپٹی سیکرٹری حاجی امیر زمان، حاجی محمد امین، حاجی عبدالرحمن، حاجی محمد زمان، راجہ عبدالقیوم، حاجی محمد بشیر نے بھی شرکت اور عرس کے جملہ انتظامات سرانجام دئیے۔