وزیر جنگلات میرٹ پر لکڑی کی فراہمی یقینی بنائیں،فضل حسین

January 16, 2017

باغ (نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن کے بزرگ رہنما فضل حسین صابر ماگرے نے کہا کہ میرٹ پر اس وقت تک ضلع باغ میں ایک بھی تقرری نہیں ہوئی۔وزیر جنگلات ، وزیر اعظم کے اعلان کے عین مطابق میرٹ پر تقرری اور تبادلے کو بہر صورت یقینی بنائیں تاکہ حکومت آزاد کشمیر کا باغ میں میرٹ بھی دکھائی دے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔۔ انہوںنے کہا کہ وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان لوگوں کی ضروریات کے پیش نظر میرٹ پر لکڑی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیںتاکہ سردی کے باعث لوگوں کو جلانے کے لیے جنگل سے ایندھن کے طور پر لکڑی کی فراہمی کی اجازت دیں تاکہ لوگ جنگل سے بالن کاٹ کر اپنی ضرورت کو پورا کر سکیں۔انہوںنے کہا کہ محکمہ جنگلات اور دیگر محکموں میں چھوٹے ملازمین کے تبادلے نہ کیے جائیں چند لوگوں کی خواہشات پر تبادلہ جات کرکے چھوٹے ملازمین کو پریشان کیا جا رہا ہے جو سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے مشکل وقت میں سردار میر اکبر خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کر کے اسمبلی میں بھیجا ہے وہ کارکنوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریںتاکہ ان کارکنوں کے اندر پائی جانے والی مایوسی ختم ہو سکے۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن نے جو الیکشن میں وعدے کیے تھے اُن کو ہر صورت پورا کیا جائے تاکہ کارکنوں اور باغ کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ ہم سردار میر اکبر خان اور مسلم لیگ ن کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور جہاں ہم زیادتی دیکھیں گئے وہاں نشاندہی کرنا ہمارا حق ہے۔