سی پیک کی سکیورٹی کیلئے ملک چھ زون میں تقسیم کر دیا گیا

February 21, 2017

اسلام آباد (تنویر ہاشمی)چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کی سکیورٹی کے لیے پاکستان کو چھ زون میں تقسیم کیا گیا ہے سی پیک منصوبوں اور ان منصوبوں پر کام کرنیوالے ملکی و غیر ملکی افرادکی سکیورٹی کےلیے 15ہزار اہلکاروں پر مشتمل خصوصی سکیورٹی ڈو یژ ن اور میری ٹائم سکیورٹی فورس تشکیل دے دی گئی ہے جو ملک بھر میںگلگت بلتستان سے لیکر گوادر تک سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کےفرائض انجام دے گی، سی پیک پارلیمانی کمیٹی کا 21واں اجلاس چیئرمین کمیٹی سینٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت پیر کو بند کمرے میں ہوا، کمیٹی کو وزارت دفاع، وزارت داخلہ اور وزارت مواصلات کے اعلیٰ حکام نے سی پیک کی سکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دی، ذرائع کے مطابق سی پیک کے سکیورٹی کے لیے ملک کو جن چھ زونز میں تقسیم کیا گیا ہے ان میںگلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، جنوبی و شمالی پنجاب، بلوچستان اور سند ھ شامل ہیں،ان زونز میں سی پیک منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی ملازمین کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔