نبیل گبول کی دوبارہ پیپلز پارٹی میں شمولیت

February 22, 2017

سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کراچی میں ملاقات کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں نبیل گبول نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹوزرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، اس موقع پر انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

’جیو نیوز‘ سے ٹیلیفون پر گفتگو میں نبیل گبول کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات بہت اچھی رہی اور اس دوران کوئی کوئی گلے شکوے نہیں ہوئے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ پیپلز پارٹی کو لیاری سمیت کراچی میں مضبوط کرنے کیلئے کام کریں گے۔

نبیل گبول پیپلز پارٹی سے طویل عرصہ وابستہ رہے اور کئی بار قومی اور صوبائی اسمبلی کے رکن بھی ر ہے، 2008ء کے انتخابات میں لیاری سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد انہیں وزیر مملکت برائے پورٹس اینڈ شپنگ بنایا گیا لیکن بعد اختلافات کی وجہ سے انہوں نے 2011ء میں کابینہ سے استعفیٰ دے دیا اور پھر 2013 میں پیپلز پارٹی چھوڑ کر ایم کیو ایم میں شامل ہو گئے۔

پیپلز پارٹی چھوڑتے ہوئے نبیل گبول نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی شہید بینظیر بھٹو کی پیپلز پارٹی نہیں رہی اور گینگ وار کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے۔

2013 ءمیں نبیل گبول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے گینگسٹرز کے نامزد لوگوں کو قومی اور صوبائی اسمبلی کے ٹکٹس دئیے اور وہ اس صورتحال میں پیپلز پارٹی میں نہیں رہ سکتے،اس کے بعد انہوں نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور دیگر قیادت پر شدید الزامات لگائے۔

نبیل گبول 2013ء کے انتخابات میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر عزیز آباد کے علاقے سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے لیکن انہوں نے 2015ء میں ایم کیو ایم بھی چھوڑ دی اور ایم کیو ایم پر الیکشن میں دھاندلی اور بوگس ووٹنگ کے الزامات لگائے۔

اس کے بعد سے کئی بار نبیل گبول کی تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کی افواہیں گردش کرتی رہیں۔