اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آفات سے بچائو کیلئے فنڈ قائم کردیا

February 22, 2017

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قدرتی آفات سے بچائو کے لئے ڈھائی کروڑ ڈالر کا فنڈ قائم کردیا اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے حصص پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کی اقتصادی کمیٹی کے اجلاس میں تمام فیصلے کئے گئے،جاری کردہ اعلامیے کے مطابق قدرتی آفات سے بچائو کے لیے قائم فنڈ کے لیے ایشائی ترقیاتی بینک نے ایک ارب 20 کروڑ روپے کا قرض دیاہے ۔

اجلاس میں نیپرا کی طرف سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے حصص پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کی تجویز کی 2015 ءکی پالیسی کے تحت منظوری دی گئی۔

پاکستان ٹیکسٹائل سٹی ختم کرنے کے لئے مالی کلیئرنس کی منظوری بھی دی گئی، جس کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی گرانٹ بھی منظورکی گئی ۔

اجلاس میں پاکستان ٹیکسٹائل سٹی منصوبے کے خاتمے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔