مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا ایران کا دورہ

February 22, 2017

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایران کا دورہ کیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق انہوں نے ایران کے وزیر دفاع و لاجسٹک سے ملاقات کی۔

دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران پاک ایران سرحد پرسیکیورٹی مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا،دونوں ملکوں نے بارڈر سیکیورٹی کمیشن کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا۔

دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک ایران سرحد پر2 اضافی بارڈرکراسنگ پوائنٹس کھولنے میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردوں اور اسمگلرز کو ایک دوسرے کی علاقائی حدود سے آپریٹ نہیں کرنے دیں گے۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ مشیرخارجہ نے اپنے مختصر دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے بھی ملاقات کی اور علاقائی، عالمی امور بالخصوص افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔

ایرانی وزیرخارجہ نے مشیر خارجہ سرتاج عزیزکے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا،مشیر خارجہ کے ہمراہ سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ضمیرالحسن شاہ بھی تھے۔