امریکا نے صحافی کی رہائی کیلئے تاوان دیا،ایرانی حکام کا دعویٰ

February 25, 2017

ایران کے ایک سینئر عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے ایک ایرنی نژاد صحافی کی رہائی کے عوض تہران کو تاوان ادا کیا تھا۔

پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس امور کے ڈپٹی چیف حسین نجات نے حال ہی میں ’بو شہر‘ میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ سابق امریکی صدر براک اوباما کی حکومت نے امریکا اور ایران کی شہریت رکھنے والے صحافی ’جیسن رضائیان‘ کو رہا کرانے کے لیے تہران کو 1 ارب 40 کروڑ ڈالر تاوان ادا کیا تھا۔

واضح رہےکہ امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے ایران میں نامہ نگار جیسن رضائیان کو ایرانی فوج نے جولائی 2014ء میں حراست میں لیا تھا، اس پر ایران میں جاسوسی نیٹ تشکیل دینے کا الزام تھا۔

حسین نجات نے کہا کہ سابق امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے متعدد بار اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ رضائیان کو رہا کرائیں۔