مردم شماری کے اصل فارم کے بجائے فوٹو کاپی استعمال نہ کی جائے،شماریات ڈویژن

March 20, 2017

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)شماریات ڈویژن نے مردم شماری کے اصل فارم کے بجائے فارم کی فوٹو کاپی استعمال کرنےکا سخت نوٹس لیا ہے اور فیلڈ سٹاف کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ مردم شماری فارم کی فوٹو کاپی کسی بھی شخص کو فراہم نہ کی جائےایساکرنا مجرمانہ فعل ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائیگی ، شماریات ڈویژن کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں سے ایسی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ غیر متعلقہ افراد اور مقامی ایسوسی ایشنیں مردم شماری فارم کی فوٹو کاپیاں لوگوں کو فراہم کر رہے ہیں اور لوگوں کو ہدایات کر رہے ہیں کہ اپنے خاندان کی معلومات کا فارم میں اندراج کریں اور چند روز کے بعد یہفارم واپس جمع کیے جائیں گے جبکہ بعض علاقوں سے مردم شماری کے عملے کی شکایات بھی آئی ہیں کہ وہ اصل فارم کے بجائے فارم کی فوٹو کاپی استعمال کررہے ہیں ، شماریات ڈویژن نے ان شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے مردم شماری کے ضلعی افسران اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ فارم کی فوٹو کاپی کے استعمال کی قطعاً اجازت نہیں ہے ، شماریات ڈویثرن کے مطابق فارم کی فوٹو کاپی استعمال کرنا اور غیر متعلقہ افراد کو فراہم کرنا قابل سزا مجرمانہ فعل ہے ، واضح رہے کہ مردم شماری کے دوسرے مرحلہ10روز کے وقفے کے بعد 25اپریل سے شروع ہوگا اور 25مئی تک جاری رہے گا دوسرے مرحلے میں باقی رہ جانیوالے اضلاع میں مردم شماری ہوگی ، راولپنڈی اسلام آباد میں خانہ ومردم شماری 25مارچ سے شروع ہوگی۔