سرمایہ محفوظ،منظور شدہ اسکیموں میں لگائیں،ایس ای سی پی کی تنبیہ

March 28, 2017

اسلام آباد (اے پی پی) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا، ویب سائٹوں اور موبائل فون پر پیغامات کے ذریعے دھوکہ دہی کی اسکیموں سے بچیں اور اپنا سرمایہ محفوظ اور منظور شدہ اسکیموں میں ہی لگائیں۔ پیر کو ایس ای سی پی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کے علم میں آیا ہے کہ فیس بک پر ایک صفحہ بنایا گیا ہے اور عوام میں پھیلایا جا رہا ہے جس میں گروہی سرمایہ کاری کے تصور کی تشریح کی گئی اور اس کی دیگر تفصیلات دی گئی ہیں۔اس پیج کا عنوان انوویٹو کراؤڈ فنڈنگ پروجیکٹ پرائیویٹ لمیٹڈ پاکستان ہے۔ اس فیس بیک اکاؤنٹ سے شبہ ہوتا ہے کہ یہ کمپنی عوام سے فنڈز اکٹھا کرنے میں ملوث ہے۔ اس حوالے سے ایس ای سی پی واضح کرنا چاہتا ہے کہ اس نام کی کوئی کمپنی اس کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہے اور مزید وضاحت کی جاتی ہے کہ پاکستانی قوانین کے مطابق ملک میں گروہی فنڈنگ ممنوع ہے اور کسی کمپنی کو اس اسکیم کے ذریعے فنڈ اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔اس حوالے سے عوام الناس کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ کچھ رجسٹرڈ،غیر رجسٹرڈ اداروں یا افراد کی جانب سے سوشل میڈیا، ویب سائٹوں اور موبائل فون پر پیغامات کے ذریعے پھیلائی جانے والی اس قسم کی دھوکہ دہی کی اسکیموں سے بچیں اور اپنا سرمایہ محفوظ اور منظور شدہ اسکیموں میں ہی لگائیں۔