ترقی کیلئے لڑکیوںکا تعلیم حاصل کرنا نہایت ضروری ہے، وسیم اختر

March 30, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ معاشرے کیلئے لڑکیوں کا تعلیم حاصل کرنا نہایت ضروری ہے سرسید گرلز کالج شہر کا بہترین تعلیمی ادارہ ہے اس کے اطراف تجاوزات کے خاتمے اور سڑک و فٹ پاتھ کی مرمت سمیت تمام کام ترجیحی بنیادوں پر انجام دیئے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے بدھ کی صبح سرسید گرلز کالج ناظم آباد میں منعقدہ تقریری مقابلے میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کے موقع پر کہی، کالج پرنسپل پروفیسر تنویر خالد نے قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے میئرکراچی وسیم اختر کو سرسیدگرلز کالج میں خوش آمدید کہا انہوں نے کالج کے اطراف ترقیاتی کاموں کے سبب کھدائی کے باعث طالبات کو ہونے والی پریشانی اور کالج کی دیوار کے ساتھ ناجائز مارکیٹ کے قیام کی وجہ سے سیکورٹی خدشات کے علاوہ کالج کے اندر موجود آوارہ کتوں کی وجہ سے بھی طالبات کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے اس حوالے سے فوری اقدامات کی درخواست کی جبکہ اس موقع پر کالج انتظامیہ کی جانب سے میئر وسیم اختر کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی، میئرکراچی وسیم اختر نے کہا کہ سرسید گرلز کالج کے مسائل ہمارے اپنے مسائل ہیں یہ ہمارے شہر کی بچیوں کی اہم درسگاہ ہے اور اس کالج نے ہمیشہ اپنا معیار برقرار رکھا ہے یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والی بچیاں قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار احسن طریقے سے نبھا رہی ہیں جو اس کالج کیلئے فخر کی بات ہے ۔