سندھ: رینجرزاختیارات میں توسیع کا معاملہ پھر لٹک گیا

April 16, 2017

سندھ رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کا معاملہ پھر لٹک گیا، سمری وزیراعلیٰ کی میز سے آگے نہ بڑھ سکی، نوٹیفکیشن جاری نہ کیے جانے کے باعث کراچی کے اہم مقامات اور سڑکوں سےرینجرز واپس، اسنیپ چیکنگ روک دی گئی۔

کراچی میں رینجرز اختیارات کی مدت ختم ہوئے 24گھنٹے سے زائد وقت گزر گیامگر محکمہ داخلہ کی جانب سے 90روز کی توسیع کے لیے سمری پر وزیراعلیٰ سندھ نے تاحال دستخط نہیں کئے ۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق رینجرز نے شہر بھر میں جاری آپریشن اور اسنیپ چیکنگ کاعمل روک دیا ہے۔

رینجرز کو کراچی کے لیے خصوصی اختیارات کی مدت14 اپریل کی رات12بجےختم ہوگئی، محکمہ داخلہ سندھ نے 5 اپریل کو اختیارات میں توسیع کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی تھی، جو کہ منظوری کی منتظرہے، سمری میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کی سفارش کی گئی ہے اور سمری منظور ہونے کے بعد سندھ حکومت وزارت داخلہ کو اختیارات میں توسیع کا خط ارسال کرے گی۔

اختیارات میں توسیع نہ ہونے کےباعث تمام علاقوں، اہم مقامات، سڑکوں سےرینجرزکی نفری واپس بلالی گئی ہیں اور شہرمیں اسنیپ چیکنگ ختم کردی گئی ہے۔

رینجرز ذرائع کے مطابق گورنرہاؤس، وزیراعلیٰ ہاؤس اور ایئرپورٹ پر رینجرز سیکیورٹی برقراررہےگی۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی شق4 کے تحت رینجرز کو تلاشی، چھاپے، گرفتاری اور شرپسند عناصر کو کنٹرول کرنے کے لئے ہتھیاراستعمال کرنے کےاختیارات حاصل ہیں۔