مصباح اور یونس کو سیریز جتوانے اور کیریئر عمدگی سے ختم کرنیکا موقع

April 21, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو سینئر بیٹسمین مصباح الحق اور یونس خان ٹیسٹ سیریز میں غیر معمولی کارکردگی دکھا کر پاکستان کو ویسٹ انڈین سرزمین پر پہلی فتح دلاسکتے ہیں اور اپنی رینکنگ کو بہتر بناکر کیریئر شاندار انداز میں ختم کرسکتے ہیں۔ اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں اظہر علی ساتویں یونس خان آٹھویں اور مصباح الحق 26 ویں نمبر پر ہیں۔ اسد شفیق 24 ویں اور سرفراز احمد 25 ویں نمبر پر ہیں۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو پانچویں پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش ہوگا۔ الوداعی سیریز کھیلنے والے کپتان مصباح الحق اور یونس خان ٹیم کو اس مقصد میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں، قومی ٹیم سیریز شروع ہونے سے قبل 97 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور ویسٹ انڈیز 69 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔ اگر پاکستان سیریز تین صفر سے جیت گیا تو اس کے پوائنٹس 99 اور ویسٹ انڈیز کے67 ہوجائیں گے۔ دو صفر کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس 98 اور ایک صفر یا دو ایک سے جیت کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس 97 ہوجائیں گے۔ البتہ ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں تین صفر سے ناکامی پر پاکستان 2 درجے تنزلی کے بعد ساتویں پوزیشن پر جاسکتا ہے۔ عالمی درجہ بندی میں بھارت 122 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن لے رکھی ہے۔