عام انتخابات کا اچانک اعلان، مڈلینڈز کمبائنڈ اتھارٹی الیکشن کی سرگرمیاں متاثر

April 30, 2017

برمنگھم(آصف محمودبراہٹلوی)وزیراعظم تھریسامے کی جانب سےاچانک عام انتخابات کے اعلان سے ویسٹ میڈلینڈز کمبائنڈ اتھارٹی کے پہلے تاریخی الیکشن کی انتخابی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں۔مختلف پارٹیوں کی قیادت نے اپنے پارلیمانی الیکشن کے سلسلہ میںغیر اعلانیہ انتخابی مہم شروع کردی،سیاسی رہنما ٹکٹوںکے حصول کیلئے متحرک ہو گئے۔اسی سلسلے میںجنگ سے خصوصی گفتگو میں ترجمان لب ڈیم وسابق کونسلر راجہ شوکت خان نے کہا ہے کہ اچانک مڈ ٹرم الیکشن کے اعلان سے صورتحال تبدیل ہوگئی ، لوگوںکی توجہ جنرل الیکشن کی جانب مبذول ہوگئی ہے لیکن میں سمجھتا ہوںکہ کمائنڈ اتھارٹی میٹرو میئر کے الیکشن انتہائی اہم ہیں، ہمیںپوری کوشش سے باہر نکل کر میٹرو میئر کے الیکشن میں حصہ لیکر اس تاریخ ساز موقع سے فائدہ اٹھا کر برمنگھم کو لندن طرز کی بااختیار اور گریٹر سٹی بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکے،انہوں نے کہاکہ 4مئی کو دو لوکل سیٹوں پر الیکشن ہورہے ہیں کمیونٹی توجہ دے اور ووٹ پول کرے، ابھی نہیںتو 2018 کو برمنگھم سٹی کونسل کا کنٹرول دوبارہ لب ڈیم اور ٹوری کے اتحاد سے لیبر پارٹی سے چھن جائے گا۔ پول کے ذریعے اب لب ڈیم کی برتری ہر گزرتے دن کے ساتھ اوپر جارہی ہے لوگوں کو ون پارٹی کی سوچ سے باہر نکلنا ہوگا۔ یوکپ میڈ لینڈزکے خزانچی اور متوقع پارلیمنٹری امیدوار ھج ہل وارڈ بمقابلہ لیم برن الحاج راجہ گلستاسب خان نے کہا ہے کہ اس میںکوئی شک نہیںکہ برطانوی وزیراعظم کی جانب سے اچانک مڈ ٹرم الیکشن کا اعلان کردیا گیا۔ ان کا کہناتھا کہ میںاس دوران بیرون ملک میںبچوںکے ساتھ ہالیڈے پر تھے۔ اچانک الیکشن کے اعلان سے چھٹیاں مختصر کرکے واپس برطانیہ پہنچا، انہوں نے کہا کہ پارلیمانی امیدوار کے سلسلے میں پارٹی جو بھی فیصلہ کرےگی وہ قبول ہو گا۔ لیبر گروپ برمنگھم کے چیف ویپ کونسلر محمد ادریس نے کہاہے کہ جنرل الیکشن کے اعلان سے میٹرومیئر کے الیکشن میںٹرن آئوٹ زیادہ ہوگا۔ پہلے کم کی توقع کی جارہی تھی، لیبر پارٹی برمنگھم ویسٹ میڈ لینڈز میںسٹرانگ ہولڈ رکھتی ہے۔ پارلیمانی سیٹوں میں 28میںسے21لیبر ہولڈ کرتی ہے۔ سات ٹوری کے پاس ہیں، میٹرومیئر کا الیکشن لوگوں میںآگہی مہم بیدار کرےگا۔ انہوں نے کہا جہاںجہاں ممبران آف پارلیمنٹ کی مہم ہوگی ساتھ ساتھ میٹرومیئر کی کمپین بھی ہوگی۔ اس کا تمام تر فائدہ لیبر پارٹی کو پہنچے گا اور توقع کی جارہی ہے کہ شان سائمن بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔ ٹوری پارٹی بزنس شعبہ کے مرکزی رہنما آفتاب احمد چغتائی ایم بی ای نے کہا ہے کہ جنرل الیکشن صدیوں سے ہوتے چلے آرہے ہیں اس پر بھی توجہ دینی ہے۔ لیکن ویسٹ مڈلینڈز کمبائنڈ اتھارٹی کے پہلے اور تاریخی الیکشن کی اہمیت اور افادیت ان سے بڑھ کر ہے بریگزٹ کے بعد آئندہ اور H2O فاسٹ ٹریک ریلوے نظام کی وجہ سے آئندہ 15سے 10برسوں تک اس ریجن میںسرمایا کاری کا سیلاب آنے والا ہے۔ یہاں پر سٹرانگ لیڈر شپ کی ضرورت ہے جو بیک وقت بزنس مینوں ، سیاسی قیادت اور ویسٹ منسٹر سے کھل کر بات کرسکےاور اپنا موقف منوا سکے،انہوں نے کہا کہ عام روایتی سیاستدان اس ذمہ داری کو نہیںسنبھال سکیںگے۔ یہاں پر اینڈی سٹریٹ جیسا مضبوط اعصاب کا مالک امیدوار چاہئے جو کامیاب ہوکر ویسٹ مڈلینڈزکو اپنے پائوں پر کھڑا کرسکے اور انوسٹمنٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرسکے۔ یہ وقت ہے کہ کمیونٹی میٹرومیئر کے الیکشن میںآگے بڑے اور مضبوط قیادت دیکر برمنگھم کو ویسٹ منسٹر کے قریب لے جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اینڈی سٹریٹ نے پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی منسٹر انوشہ رحمن کی دعوت پر پاکستان کا دورہ بھی کیا اور وہاں کی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں ہوئیں،میں سمجھتا ہوںاینڈی سٹریٹ ہی وہ مضبوط قیادت ہے جو مختلف کمیونٹیز اور ممالک کے درمیان اعتماد کے مضبوط پل کا کردار ادا کرسکتا ہے۔