نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی پر گامزن ہے، بیرسٹر عابد حسین

April 30, 2017

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ کے رہنما بیرسٹر عابد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ فلاح عامہ کے اربوں روپے کے منصوبے مکمل ہوگئے ہیں جب کہ کئی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کو تیزی سے آگے لے کر جائے گا بیرسٹر عابد حسین پاکستان مسلم لیگ ن مانچسٹر کے سیکریٹریٹ میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن پاکستان کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔ تقریب سے چوہدری عبدالکریم، راجہ سجاد حسین، راجہ جلیل الرحمٰن، قمر زمان بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی حکومت عوام کو تعلیم، صحت و دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے تارکین وطن کو زبیر گل جیسا نمائندہ دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ تارکین وطن کے مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ رہنمائوں نے کہا کہ تارکین کے مسائل کا حل ن لیگ کی حکومت کی ترجیح ہے۔ پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبے شفافیت کی اعلیٰ مثال ہیں اور کسی منصوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہو رہی ہے، لیگی رہنمائوں نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ تقریب میں رانا ضیاءاسلم، شہزاد حیدر، کونسلر معروف، افضال احمد افضال، عامر خان، طاہر محمود، محبوب خان، میاں امجد علی، خلیق الرحمٰن، مرزا اشفاق بیگ کے علاوہ دیگر رہنما بھی شریک تھے۔