خطرناک بولنگ اٹیک، پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں حیران کرسکتاہے

May 20, 2017

سڈنی (جنگ نیوز ) پاکستان کرکٹ ٹیم خطرناک فاسٹ بولنگ اٹیک اور متحرک نئے کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی میں کسی بھی ٹیم کیلیے خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔ میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کو کسی بھی طرح آسان نہیں لیا جانا چاہیے۔ بابر اعظم کی کارکردگی انہیں پاکستان کا اگلا بیٹنگ ہیرو ثابت کرتی ہے، ٹورنامنٹ میں بلاشبہ وہ ان نوجوان کھلاڑیوں میں شامل ہوں گے جن پر دنیا بھر کی نظریں ٹکی ہوں گی۔ یہ تبصرہ انگلینڈ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلیے موجود پاکستان کرکٹ ٹیم پر آسٹریلین کرکٹ ویب سائٹ نے خصوصی تجزیے میں کیا ہے۔ تحریر میں مزید کہا گیا ہے کہ مصباح الحق اور یونس کی ریٹائر منٹ جبکہ اظہرعلی کو قیادت سے سبکدوش کیےجانے کے بعد ذمہ داری جوشیلے، باصلاحیت اور انتہائی فعال رہنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین کے ہاتھوں میں تھمادی گئی ہے۔ اگر ٹیم نے اسی جارحیت کا مظاہرہ کیا جو متعدد مواقع پر سرفراز کرچکے ہیں تو شائقین کو پرجوش اور ایکشن سے بھرپور کرکٹ کیلیے تیار رہنا چاہیے۔ پاکستان کے بولنگ اٹیک میں محمد عامر، وہاب ریاض، جنید خان اور حسن علی جیسے پیسرز شامل ہیں۔ محمد عامر ایک بار پھر انگلینڈ واپس آئے ہیں، اس بات کو پیش نظر رکھنا چاہیے کہ2010اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے محمد عامر کو اسٹیڈیمز میں مخالفانہ نعروں کو سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ وہ اچھے بولر ہیں، لیکن کرکٹ میں واپسی کے بعد سے واجبی کارکردگی پیش کرپائے ہیں، انہوں نے 15 ون ڈے انٹرنیشنلز میں20وکٹیں حاصل کی ہیں، انہیں بہت بہتری کی ضرورت ہے، خاص طور پر موافق انگلش کنڈیشنز میں انہیں پاکستانی بولنگ اٹیک کی عمدہ انداز سے قیادت کرتے ہوئے حریف ٹاپ آرڈر بیٹنگ کیلیے مشکلات پیدا کرنا ہوں گی۔