کپتان سرفراز احمد پاکستان ٹیم کو آگے لےجاسکتے ہیں، یونس خان

May 29, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ بھارت کو ماضی میں ہرا چکے ہیں ، ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، اتوار کو کراچی میںمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد بھی پاکستان کو بہت سی کامیابیاں دلا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر اس کھیل پر توجہ اور کام کرنے کی ضرورت ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے وارم اپ میچز کو زیادہ سنجیدہ نہیں لینا چاہیے، چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان بھارت کو پہلے بھی ہرا چکا ہے اور اب بھی ہراسکتا ہے۔ یونس خان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی وکٹوں پر 400 رنز بن سکتے ہیں اور ہم ہدف حاصل بھی کر سکتے ہیں ہمیں اپنے کھلاڑیوں کو ہیرو بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم اتنی قابل ہے کہ بڑے ہدف کو حاصل کرسکتی ہے ، ٹیم جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور سرفراز احمد کے پاس ٹیم کوآگے لے جانے کا اچھا موقع ہے۔ افغان کرکٹ لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کے سوال پر جواب دیتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ہمیں اپنے کھلاڑیوں کو لیگز میں بھجوانا چاہیے ۔انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں پر زور دیاکہ وہ رمضان مقابلوں کے دوران روزے کو نظر انداز نہ کریں۔