یونین کونسل 76 چکلالہ گائوں کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے

May 29, 2017

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)یونین کونسل 76 چکلالہ گائوں کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ،شدید گرمی اور قلت آب کے باعث مکین روزمرہ ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہو گئے ،کروڑوں روپے مالیت کی واٹر سپلائی مکمل ہونے کے باوجود مکینوں کو پانی کی فراہمی شروع نہ کی جا سکی ۔چکلالہ گائوں اور ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی خصوصی ہدایات پر واسا راولپنڈی نے 2016میں یونین کونسل 76چکلالہ گائوں اور دیگر آبادیوں کے مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے 18ٹیوب ویلوں اور زیر زمین و اوور ہیڈ پانی کی ٹینکیاں بنانے کے منصوبے پر کام شروع کیا ۔علاقہ مکینوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اپیل کی ہے کہ واسا کو چکلالہ گائوں کے مکینوں کو پانی کی فراہمی جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے اور رمضان االمبارک سے قبل لوگوں کو پانی فراہم کیاجائے ۔چیئرمین یونین کونسل 76چوہدری تنویر صادق نے کہاکہ ایم ڈی واسا راجہ شوکت نے نومبر میں منصوبے کے تکمیل کا عندیہ دیا تھا تاھم پانی کی فراہمی تاحال شروع نہیں کی جاسکی ۔چیئرمین تنویر صادق نے کہا کہ اگر چکلالہ گائوں کے مکینوں کو جلد پانی کی فراہمی کا آغاز نہ کیا گیا تو راست اقدام پر مجبور ہوں گے ۔