قطر کو ضرر رساں برتا ؤ تبدیل کرنا ہوگا، عرب امارات

May 29, 2017

متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے قطر کا نام لیے بغیر اس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمے داریوں کو پورا کرے اور اس برتا ؤ کو بھی تبدیل کرے جس نے خلیجی ممالک کو نقصان پہنچایا ہے۔

قرقاش کے نزدیک یہ ایک سنگین خطرے کا حامل فتنہ ہے جس کو ختم کیا جانا چاہیے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق اپنی ٹوئیٹس میں قرقاش کا کہنا تھا کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک شدید بحران سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس فِتنے کی سرکوبی،روئیے میں تبدیلی ، اعتماد کے قیام اور اعتبار کی واپسی میں پوشیدہ ہے۔قرقاش کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے ممالک کا امن و استحکام اور مستقبل ایک دوسرے کے ساتھ مربوط ہے۔

تاہم ایسا نظر آتا ہے کہ قطر کے کان پر ابھی تک جوں بھی نہیں رینگی ہے۔ خلیجی ممالک کے غیض و غضب کے بعد لگتا ہے کہ دوحہ نے اپنے اختیار کو باور کرانے کی ٹھان لی ہے۔

اس سلسلے میں اتوار کو امیرِ قطر اور ایرانی صدر کے درمیان رابطہ ہوا جس میں شیخ تمیم نے تہران کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کی خواہش کا بھرپور اظہار کیا۔