سعودی اور اماراتی بینکوں کے قطری بینکوں سے معاملات موقوف

June 06, 2017

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے بینکوں نے خطے میں سفارتی اختلافات کے سبب منگل کی صبح سے قطر کے بینکوں کے ساتھ معاملات اور ایل سی کھولنے کا سلسلہ موقوف کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اماراتی مرکزی بینک نے ریاست کے تمام بینکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قطر کے بینکوں کے ساتھ اپنے لین دین کی تفصیلات افشا کریں۔

ادھر بحرین کے مرکزی بینک نے بھی مماثل اقدام کرتے ہوئے متعلقہ معلومات کے حصول کے لیے جمعرات کا روز بطور آخری دن مقرر کیا ہے۔

اس سلسلے میں امارات اور بحرین کے مرکزی بینکوں کے ذمے داران سے تبصرے کے لیے رابطہ نہیں ہو سکا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے پیر کے روز دوحہ کے ساتھ تمام فضائی، برّی اور سمندری راستے منقطع کر لیے ہیں۔