شامی تارکین وطن کیلئے 20 کنٹینرز پر مشتمل امدادی سامان بھیجنے کا اعلان

June 23, 2017

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی)مسلم ہینڈز ایڈ کانوائے شامی مہاجرین کیلئے تقریباً20کنٹینرز خشک خوراک پر مشتمل اس ماہ کے آخر یعنی عید کے فوری بعد 29جون کو براستہ ترکی روانہ کرے گا جس میں خشک خوراک، آٹا، چاول، دالیں، کوکنگ آئل سمیت دیگر غذائی اشیا شامل ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے چیئرمین سیدلخت حسنین شاہ نے جامع مسجد گھمکول شریف برمنگھم میں فوڈ کنٹینر کے سامنے کھڑے ہوکر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین گھمکول شریف مسجد راجہ سلیم اختر،علاقے کے کونسلر ذاکر اللہ چوہدری، غالب اور دیگر شامل تھے۔ چیئرمین سید لخت حسنین شاہ نے کہا کہ اس وقت شامی مہاجرین کی حالت انتہائی ابتر ہے، پچاس لاکھ مہاجرین لبنان، ترکی، اردن،جرمنی میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ شام کے اندرIDPکے لحاظ سے سات ملین لوگ بے یارو مددگار کھلے آسمان تلے عالمی مدد کے منتظر ہیں۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق تقریباً ڈھائی ملین شامی بچے اس وقت انتہائی ابتر حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مسلم ہینڈز کے اس امدادی کانوائے پر لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور صرف ایک ہفتے میں تقریباً 20کنٹینرز خشک خوراک لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت جمع کئے ۔ یہ مسلم ہینڈز پر کمیونٹی کا اعتماد ہے، اس وقت مسلم ہینڈز دنیا کے پچاس ممالک میں کام کررہی ہے۔ ترکی میں مسلم ہینڈز کا اپنا دفتر ہے۔حکومت ترکی کی اپنی چیرٹی AFAD ساتھ مل کر کام کررہی ہے امدادی سامان مسلم ہینڈز کے رضا کار ترکی حکومت کی معاونت سے شفاف طریقہ سے تقسیم کریں گے۔ مسلم ہینڈز کا گزشتہ پچیس سال کا ایمرجنسی صورتحال میں کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے جو مسلم ممالک سمیت دیگر ممالک میں بھی ایک نیٹ ورک رکھتی ہے اور سونامی، سیلاب اور جنگ کے متاثرین کیلئے خدمات سرانجام دے چکی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین راجہ سلیم اختر نے کہا کہ ہمارے لئے خوشی کا مقام ہے کہ مسلم ہینڈز نے کنٹینر یہاں رکھے ہیں اور صرف تین دن میں ایک کنٹینر بھر گیا اور ابھی بھی لوگ سامان لارہے ہیں۔ مسلم ہینڈز پر لوگوں کا بھرپور اعتماد باعث تحسین ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں ہم اپنے بچائو کیلئے کام کرتے ہیں اور ایسی تنظیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے اور خوراک پہنچانے کا کام سرانجام دیتی ہیں۔علاقے کے کونسلر ذاکر اللہ چوہدری نے کہا کہ میرا یہ حلقہ انتخاب ہے، رمضان میں لوگوں کا انسانیت کیلئے جذبہ خدمت بڑھ جاتا ہے۔ مسلم ہینڈز کے کام پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ بیس کنٹینرز صرف خشک خوراک پر مشتمل ہیں ۔ اس موقع پر دیگر رہنمائوں نے بھی اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ سید لخت حسنین شاہ نے کہا کہ 29جون کو نوٹنگھم کے مقام سے تمام انگلش، ایشین، اردو پریس اور الیکٹرانک میڈیا کی موجودگی میں کانوائے روانہ کیا جائے گا۔