الصغیرنے رمضان انٹرکلب ہاکی چیمپئن شپ اپنے نام کرلی

June 24, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اولمپئن انوار احمد خان میموریل رمضان انٹرکلب ہاکی لیگ کے فائنل میچ میں الصغیر ہاکی کلب نےیکطرفہ مقابلے کے بعد الفیصل ہاکی کلب کو 3-0سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ الصغیر کی جانب سے میچ کے تینوں گول اولمپئن کاشف جواد نے اسکو ر کئے جبکہ مخالف الفیصل کی جانب سے کوئی کھلاڑی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا اس طرح الصغیر ہاکی کلب نے فائنل میچ جیت کر وننگ ٹرافی اپنے قبضے میں کر لی ۔ فائنل میچ میں مہمان خصوصی اولمپئن انوار احمد خان کے صاحبزادے اور انٹرنیشنل ہاکی پلیئر ڈاکٹر عدنان انوار اور مسز اسما شاہ تھیں جنہوں نے تقریب تقسیم انعامات میں فاتح ٹیم کے کپتان کو وننگ ٹرافی اور کوچ کو 50ہزار روپے کیش پرائز دیا اس کے علاوہ رنر اپ ٹیم الفیصل کے کپتان کو ٹرافی اور ان کے کوچ کو 25ہزار روپے کیش پرائز دیا جبکہ گلبرگ ہاکی کلب کے عمران خان کو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 5 گول کرنے پر ٹاپ اسکورر کا اور بلدیہ ہاکی کلب کے کھلاڑی محمد حمزہ کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر عدنان انوار خان نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہا ۔