ایران ، دراندازی کےالزام میں امریکی شہری کو 10برس قید ،رہا کیا جائے، واشنگٹن

July 17, 2017

تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز) ایران نے چینی نژادامریکی شہری کو مبینہ طور پر دراندازی پر دس سال قید کی سزا سنادی ہے۔امریکا نے ایران میں قید امریکی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ تفصیلات کےمطابق ایران نے امریکی شہری کو دراندازی کے الزام میں 10برس قید کی سزا سنادی ہے ۔ ایرانی عدلیہ کے ڈپٹی چیف غلام حسین محسن نے سزا پانے والے شخص کی شناخت ظاہر کیے بغیر بتایا کہ وہ دوہری شہریت کا حامل ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ شخص چینی نژاد امریکی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص پر ملک میں ʼدراندازی اور معلومات اکھٹی کرنے کا بھی الزام تھا۔غلام حسین محسنی کا کہنا تھا کہملزم سزا کے خلاف اپیل کرسکتا ہے۔امریکا نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جھوٹے الزامات میں قید امریکی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کو فوری طور پر رہا کرے، امریکی وزارت خارجہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم ایران میں بلا وجہ گرفتار تمام امریکی شہریوں کی فوری طور پر رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ یہ لوگ اپنے خاندانوں سے مل سکیں، ایرانی حکومت سلامتی سے متعلق من گھڑت الزامات کے تحت امریکا اور دیگر غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کررہی ہے، امریکی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے، تمام امریکی شہری بالخصوص دہری شہریت کے حامل ایران جانے سے پہلے ہمارا سفری انتباہ لازمی طور پر پڑھیں۔