شہریوں سے فراڈاور زمینوں پر قبضے میں ملوث جعلی میجر گرفتار

July 20, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پریڈی پولیس نے شہریوں سے فراڈ کر کے پیسے بٹورنے، زمینوں پر قبضے اور دیگر غیر قانونی دھندوں میں ملوث جعلی میجر کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ اورپاک فوج کی وردی برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا ،پولیس کے مطابق پریڈی پولیس نے صدر میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم ذوالفقار کو گرفتار کر کے پاک فوج کی وردی ،کیپ اور میجر کا جعلی کارڈ برآمد کرلیا پولیس نے بتایا کہ ملزم نے 2پرائیوٹ افراد بھی رکھے ہوئے تھے جن کو وہ اپنا بیٹ مین کہتا تھا،ملزم نے اپنی رہائش ڈیفنس میں رکھتے ہو ئے سادہ لوح شہریوں پر اپنا رعب قائم کر رکھا تھا اور علاقہ پولیس سمیت دیگر افسران کو فون کر کے گھر طلب کر تا اور اپنے کام نکلواتا تھا ،پولیس کے مطابق ملزم پراپرٹی کے معاملات کے ساتھ شہریوں سے مختلف کام کروانے کی مد میں بھی لاکھوں روپے بٹور چکا تھا اور گرفتاری کے وقت ملزم کو ایک شہری کی درخواست پر تھانے لایا گیا جہاں پر اس نے اپنے آپ کو پاک فوج کا میجر ظاہر کرتے ہو ئے پولیس پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا تاہم جب عسکری حکام سے رابطہ کر کے تصدیق کی گئی تو میجر جعلی نکلا پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 316/17درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔