آئی آئی چند ریگر روڈ پر پیڈسٹرین برج کی تعمیر ضروری ہے، ناصر شاہ

July 24, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی آئی چندریگر پر ٹریفک کی بدترین صورتحال کا جائزہ اور جنگ بلڈنگ کے اطراف پیدل چلنے والوں کیلئے پیڈسٹرین برج کی تعمیر ضروری ہے اور اس کیلئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے بات کرکے جلد ہی یہاں برج بنوانے کی کوشش کروں گا۔

اس بات کا اظہار وزیر ٹرانسپورٹ اور لیبر سید ناصر حسین شاہ نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر اور سندھ فٹ بال کے صدر سید خادم علی شاہ کے گھر ہونے والی ملاقات میں مرکزی ایپنک کے سیکرٹری جنرل اور جنگ یونین (سی بی اے) کے سیکرٹری شکیل یامین کانگا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں احساس ہے کہ یہ آئی آئی چندریگر روڈ اخبارات اور تجارت کا مرکزہے جہاں ٹریفک کی انتہائی حد تک ٹریفک کی روانی ہونے سے پیدل روڈ کراس کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔