کلب کے پاس مجھے دی گئی رقم کا ریکارڈ نہیں، خواجہ آصف کے الزام جھوٹے ہیں، کینسر ہوسکتا ہے، عمران خان

July 24, 2017

اسلام آباد (ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ (ن) لیگ کی جانب سے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے‘ میں پیسہ باہر سے کما کر پاکستان لایا‘ کون کہتا ہے میرے پاس منی ٹریل نہیں‘میری جائیداد بے نامی نہیں ‘ میرا سارا پیسہ میرے نام پر ہے‘سسیکس کلب کے پاس مجھے دی گئی رقم کا ریکارڈ نہیں اس لئے مشتاق احمد کا کنٹریکٹ صرف مثال کے طور پر پیش کیا ‘1984ء میں 60لاکھ کا لندن میں فلیٹ خریدا جو کہ بعد میں 1 لاکھ 17 ہزار پاؤنڈ کا تھا‘ میرا اور وزیراعظم نواز شریف کا کیس ایک جیسا نہیں ،کبھی ٹیکس چوری کی نہ ہی منی لانڈرنگ ‘نواز شریف کو اڈیالہ جیل بھیج کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ‘ خواجہ آصف گھٹیا آدمی ہے ‘4سال سے شوکت خانم اسپتال پر جھوٹے الزام لگارہاہے ‘اسے بھی کینسر ہوسکتا ہے ‘ان جیسے لوگوں کو ہڈیاں ملتی ہیں جس کی بنیاد پر وہ دوسرے لوگوں پر الزام تراشی کرتے ہیں‘خواجہ آصف اپنے قائد کی چوری بچانا چاہتے ہیں ان کی باری بھی آنے والی ہے‘نواز شریف کی حمایت میں نکلنے والے تمام افراد خود بھی مجرم ہیں۔

اتوارکو بنی گالہ میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ شریف فیملی نے سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات پیش کیں‘ان کی چوری پکڑی گئی تو کہتے ہیں کہ ساری دنیا چور ہے‘ شریف خاندان عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہا ہے‘ نواز شریف اپنے کیس کا مقابلہ میرے کیس کے ساتھ کررہے ہیں‘ میں نے تو ملک سے باہر پیسہ کما کر بنی گالہ میں گھر خریدا اور کوئی ملک کا پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر نہیں لے گیا‘عوام مجھ پر اعتماد کر کے شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کوعطیات دیتے ہیں ‘نیو سائوتھ ویلز کیلئے کرکٹ کھیلی 20 ہزار پاؤنڈ وہاں سے ملے‘ آسٹن رابرٹ نے مجھے اور ظہیر عباس سمیت 50 کرکٹرز کو سائن کرکے معاہدہ کیا تھا تو وہاں سے بھی آمدن ہوئی ‘سسیکس کلب کے ساتھ بھی کرکٹ کھیلی‘مشتاق احمد نے میرے18سال بعد سسیکس کیلئے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی ٗاگر مشتاق احمد کو 70ہزارپائونڈ سالانہ ملتا تھا تو مجھے کتنا ملتا ہوگا۔

کلب کے پاس مجھے دی گئی رقم کا ریکارڈ نہیں ٗاس لیے مشتاق کاکنٹریکٹ لگایا ٗسسیکس کلب میں میرا 33فیصد ٹیکس بھی کٹتا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ انہوںنے تو فلیٹ خریدنے بیچنے اور پیسے منتقلی کی تمام دستاویزات عوام اور عدالت کے سامنے پیش کردی ہیں لیکن نواز شریف نے تو ایک روپے کا بھی سچ نہیں بتایا بلکہ اُلٹا عدالت میں جھوٹ بولا ‘پی ٹی آئی چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ ان کے سارے پیسے ان کے بچوں کے نام نہیں بلکہ ان کے اپنے نام پر ہیں لیکن شریف خاندان کی تو اربوں روپےکی پراپرٹی ان کے بچوں کے نام پر ہے‘ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ خواجہ آصف گھٹیا آدمی چار سال سے الزام تراشی کررہا ہے ‘ خواجہ آصف کو دنیا اور آخرت کی فکر کرنی چاہئے۔

کینسر کسی کو بھی ہوسکتا ہے اﷲ سے ڈرنا چاہئے ‘ خواجہ آصف کو چیلنج کرتا ہوں کہ شوکت خانم کے ا کاؤنٹ میں ایک ورپے کی خرد برد ظاہر کرکے دکھائے البتہ 3 ملین ڈالر کا شوکت خانم کا مسئلہ بھی ایک ماہ کے اندر حل ہوگیا تھا اور وہ 3 ملین ڈالر بھی شوکت خانم کے اکاؤنٹ میں واپس آگیا تھا‘ خواجہ آصف جیسے لوگوں کو ہڈیاں ملتی ہے جس کی بنیاد پر وہ دوسرے لوگوں پر الزام تراشی کرتے ہیں‘ اس وقت ساری قوم سپریم کورٹ کے فیصلے کی منتظر ہیں کیونکہ مریم نواز نیلسن اور نیسکول سمیت 4 محلات کی مالکن نکلی ہے جن کی قیمت 600 کروڑ ہے نواز شریف دوبئی کمپنی کے چیئرمین نکلے ہیں جو کہ 10 ہزار درہم مہینے کی تنخواہ لیتے تھے اور اقامہ پر ویزا لیا ہوا تھا جبکہ یہاں پر وزیر اعظم بھی تھا‘ گلف اسٹیل ملز جس نے انڈے دیے اس کی بھی دبئی کے جسٹس ڈپارٹمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ گلف اسٹیل مسلسل خسارے میں جارہی تھی اس کے علاوہ اب پوری قوم اس اندھیری رات سے نجات پانے کی منتظر ہے۔بعدازاں ایک ٹوئٹ میں عمران خان کا کہنا تھاکہ نوازشریف کا میرے ساتھ موازنہ کرنا شرمناک ہے‘ نوازشریف منی لانڈرنگ‘ٹیکس چوری اوراثاثے چھپانے میں ملوث ہے جبکہ میں نے جائزذرائع سے آمدن کمائی ہے ۔درحقیققت مجھ سے جوفنانشل دستاویزات مانگی گئیں میں نے اس سے بڑھ کر تفصیلات جمع کرائی ہیں کیوں کہ میرے پاس چھپانے کو کچھ نہیں۔