آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ملک گیر ہڑتال

July 24, 2017

اضافی ایکسل بڑھانے اور جرمانوں کے خلاف آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے آج سے ملک گیر ہڑتال اور تیل کی سپلائی بند کرنے کا اعلان کردیا۔

آل پاکستان آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے چیئر مین میر یوسف شاہوانی کے مطابق سندھ اور پنجاب میں کرایوں میں جبری کٹوتی، اوگرا سمیت حکومتی اداروں کے سخت رویہ اور موٹر وے پولیس کی جانب سے ناجائز جرمانے اور چالان کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے ۔

دوسری جانب انڈسٹری ذرائع کا بتانا ہے کہ اوگرا کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے زیراستعمال آئل ٹینکرز کی چیکنگ کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے جس میں بیشتر آئل ٹینکرز کا معیار پر نہ اترنے کا خدشہ موجود ہے۔

میر یوسف کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے مطالبات منظور نہیں ہوںگے پورے ملک میں تیل کی سپلائی بند رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹینکر مالکان حکومت کو 3ماہ کا ایڈوانس ٹیکس ادا کرتے ہیں مگر حکومت انہیں ریلیف دینے کے بجائے استحصال کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ موٹر وے پولیس جرمانے عائد کرنے پر لگی ہوئی ہے، پنجاب میں پٹرولنگ پولیس کی جانب سے آئل ٹینکر کوہر اساں کیا جاتا ہے جبکہ سندھ میں ایکسائز پولیس کی بھتہ خوری وغنڈہ گردی عروج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت پٹرولیم نے جب سے آئل ٹینکرز سے متعلق امور اوگرا کے سپر د کئے ہیں تب سے آئل ٹینکر مارکیٹنگ کمپنیوں اوگرا اور آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کی کوئی بھی مشترکہ میٹنگ نہیں بلائی گئی صرف بند کمروں میں احکامات جاری کئے جا رہے ہیں ، جس سے ٹرانسپورٹروں کا استحصال ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج سے مکمل پہیہ جام ہڑتال ہوگی جبکہ میر یوسف شاہوانی نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ ٹرانسپورٹرز کے مطالبات منظور کئے جائیں۔