پیٹربرا کی پارک وارڈ میں ضمنی الیکشن 17اگست کو ہوگا

July 25, 2017

پیٹرابرا (خالد محمود جونوی)پیٹربرا کی پارک وارڈ میںضمنی الیکشن 17اگست کو ہورہا ہے حال ہی میں منتخب ہونے والے لیبرکونسلر جان شیرمین نے اپنی ذاتی مصروفیات کے باعث کونسلر شپ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا اب اس وارڈ سے لیبرپارٹی کے شہزاد نواز اور ٹوری پارٹی کے امیدوار عرفان خان کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

دونوں امیدوار وارڈکے سرکردہ رہنمائوں کی حمایت کا دعویٰ کررہے ہیں۔ مستعفی ہونے والے کونسلر جان شرمین کا کہنا ہے کہ پیٹربرا سٹی کونسل میںمقامی کمیونٹی کی نمائندگی کرنا ان کیلئے ہمیشہ اعزاز اور اطمینان قلب رہا ہے۔ میں نے اپنی ذمہ داریاں اپنے ساتھی کونسلروں کے ساتھ مل کر بطریق احسن نبھائی ہیں۔ بڑھتی ہوئی ذاتی مصروفیات کے باعث سیاست اور رائے دہندگان کو وقت دینے سے قاصر تھا جس کے باعث بوجھ دل سے مستعفی ہونے کا اعلان کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جگہ لیبرامیدوار نوجوان اور متحرک ہی نہیں بلکہ ایک پروفیشنل پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔ میری بھرپور سیاسی معاونت اور رہنمائی اس نوجوان کو حاصل رہے گی۔ پارک وارڈ میںضمنی انتخاب اگرچہ 17اگست کو ہورہا ہے جبکہ تھورنی اور ائی وارڈ سے سابق میئر کونسلر ڈیوڈ سینڈر کے مستعفی ہونے کے باعث الیکشن ہونا باقی ہے پارک وارڈ میں سفید فام اور ایشیائی رائے دہندگان کی تعداد کم و بیش برابر ہے۔ سنٹرل پارک میں ہونے کی وجہ سے اس کا شمار شہر کی خوبصورت اور صاف ستھری وارڈ کہلاتی ہے۔