توہین عدالت کانوٹس ،جنگ گروپ نے جواب جمع کرادیا

July 25, 2017

سپریم کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کے نوٹس پر جنگ گروپ نے جواب جمع کرادیا، عدالت سے نوٹس واپس لینے کی استدعاکی گئی ہے ۔

جواب میں کہا گیا کہ حسین نواز کی تصویر لیک معاملے پر درخواست مسترد کیے جانے کی ہیڈ لائن جنگ سمیت دیگر تمام الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر رپورٹ ہوئی مگر نوٹس صرف جنگ اور دی نیوز کو ملا، حالانکہ دی نیوز نے خبر کو درست اندازسے رپورٹ کیا ،تمام میڈیا پر آنے والی خبر کی جانچ کی جائے تاکہ ایک ادارے کے خلاف امتیازی سلوک کا تاثر نہ ابھرے۔

دی نیوز کےرپورٹر احمد نورانی نے جے آئی ٹی کی دیکھ بھال کے لیے آئی ایس آئی کو احکامات سے متعلق اہم خبر کی تصدیق کی مخلصانہ کوشش میں فاضل جج کو فون کیا۔

جنگ گروپ عدلیہ کی آزادی، عزت، وقار، عظمت اور پاکستان میں قانون کی بالادستی کی کی وراثت کا امین ہے۔ نوٹس میں بیان کردہ کوئی اقدام اور غلطیاں معزز عدالت اور ججز کے خلاف توہین آمیز نہیں۔