چین ،جہاں ٹرین عمارت کے اندر گزرجاتی ہے

July 26, 2017

آپ نے دنیا بھر میں ریلوے ٹریک کے ارد گرد تو سینکڑوں بازار اور آباد رہائشی عمارتیں دیکھی ہوں گی ۔۔لیکن یہ کیا ۔۔۔ چین میں ایک ایسی انوکھی ٹرین ہے جو ایک رہائشی عمارت میں سے گزرتی ہے۔

چین کے شہر چونگ کیون میں جب ریلوے ٹریک بچھانے کی بات آئی تو ایک مسئلہ درپیش آیا کیونکہ ٹریک کے راستے میں عمارتیں موجود تھیں ، چینیوں نے ٹریک کے بیچ آنے والی عمارتوں کو گرانے کے بجائےان کے درمیان سے راستہ نکالنے کا فیصلہ کیا۔

اس انوکھے ریلوے ٹریک کو ایک 19 منزلہ رہائشی عمارت کے درمیان سے گزارا گیا ۔

اس رہائشی عمارت کی چھٹی سے آٹھویں منزل تک ایک خاص ریلوے اسٹیشن قائم کیا گیا ۔رہائشی عمارت ہونے کی وجہ سے ٹرینوں کے شور کو انتہائی کم کرنے کے لیے یہاں خصوصی آلات کا استعمال کیا گیا ہے۔

اس ٹرین کے شور کی آواز کچھ ایسے سنائی دیتی ہے، جیسے کوئی برتن دھو رہا ہو۔ عمارت کے رہائشی اس ٹرین میں اپنی عمارت میں قائم اسٹیشن سے ہی سوار ہوتے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمارے شہر میں بہت زیادہ تعمیرات ہیں اور ایسی صورت میں سڑکوں اور ریلوے ٹریک کے لیے جگہ تلاش کرنا انتہائی مشکل کام ہوتا ہے۔