ہڑتال ختم ہوئے کئی گھنٹے گزر گئے،عوام تاحال پٹرول کے منتظر

July 26, 2017

ہڑتال ختم ہونے کےبعد کئی گھنٹے گزرگئے،لیکن اس کے باوجود ملک بھر میں لوگ پوچھ رہے ہیں کہاں ہے پٹرول؟کدھر ہے پٹرول ؟ کوئی لمبی لائنوں میں کھڑا ہے تو کوئی بند پمپ دیکھ کر پریشان ہے،جس کو ملا اس نے بوتل میں لیا اور چلتا بنا۔

میڈیا کو کراچی سے لاہور،روالپنڈی سے پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں پٹرول کے حوالے سے ایک جیسی صورتحال دیکھنے کو ملی۔

ہڑتال کے خاتمے کا اعلان ہوتے ہی کراچی سے ملک بھر کے لیے آئل ٹینکر چل پڑے ، لیکن ابھی پٹرول پمپس تک پہنچنے میں گھنٹوں لگیں گے۔

بندہ کام پر جائے یا پٹرول کے انتظار میں دل کو جلائے؟آئل ٹینکرز مافیا کی ہڑتال کے بعد پٹرول کا حصول مشکل سے مشکل تر ہوگیا ،ایندھن کی تلاش میں نکلے شہری پریشان ہونے کے ساتھ ہلکان ہوچکے ہیں۔

کہیں پٹرول پمپس سناٹے میں ڈوبے،کہیں ایسا رش جیسے کسی نے لوٹ سیل لگادی ہو،لوگوں کے چودہ طبق روشن ہوگئے، انہیںدن میں تارے نظر آگئے،ایک بوتل پٹرول کے لیے رلتی عوام اور پمپس پر گاڑیوں کی طویل قطاریں ہیں ، پھر بھی ضمانت نہیں گھنٹوں بعد نمبر آئے تو پٹرول ملے گا یا نہیں۔

ہر کسی کی الگ کہانی،مجبوری کا علیحدہ فسانہ،کوئی موٹر سائیکل کو تھامے در در کی ٹھوکریں کھاتا رہا،کوئی گاڑی کو دھکا لگاتے خون کے گھونٹ بھرتا رہا،جب پٹرول کی تلاش میں زچ ہوگئے،تو دلوں میں دبا غصہ اور جھنجھلاہٹ باہر آگئی۔

آئل ٹینکر ایسوسی ایشن نے حکومتی اداروں کو گھٹنوں پر لاکر ہڑتال کے خاتمے کا اعلان تو کردیا، لیکن کراچی سے چلنے والے ٹینکرز کو دیگر شہروں کے پیٹرول پمپس تک پہنچنے میں ابھی مزید کئی گھنٹے لگیں گے۔