توہین عدالت کیس، الیکشن کمیشن کا عمران خان کو نوٹس

August 10, 2017

الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کی درخواست میں اختیار سماعت پر فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن توہین عدالت پر کارروائی کا مکمل اختیار رکھتا ہے، عمران خان 23اگست تک اپنا جواب جمع کروائیں ۔

الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت ہوئی۔

الیکشن کمیشن نے توہین عدالت پر اختیار سماعت سے متعلق فیصلہ سنا دیا کہ عمران خان کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات درست نہیں،توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے، عمران خان 23 اگست تک جواب جمع کروائیں۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

آج پہلی بارعمران خان کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے، 23 اگست کو توہین عدالت کے تحت ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، عمران خان اور پی ٹی آئی کےخلاف 20 ایسے احکامات ہیں جن کی تعمیل نہیں کی گئی۔

ہمارے اعتراضات پرالیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا ہے کہ ان کے پاس اختیارہے، تفصیلی فیصلہ کی کاپی ملتے ہی الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلینج کریں گے۔

عمران خان نے پارٹی فنڈنگ کیس میں نظرثانی درخواست میں الیکشن کمیشن کو متعصب قرار دیا تھا جس پر بانی رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر نے عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔