کشمیریوں کی آزادی سلب کرکے بھارت کو جشن آزادی منانا زیب نہیں دیتا

August 18, 2017

برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کو سلب کر کے آزادی کا جشن نہیں منا سکتا بھارت کی درندگی سے کوئی محفوظ نہیں، بھارت کے ارد گرد کے ممالک اور ہمسائے بھارت کی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں، بھارت کے دہشت گرد ہر جگہ سے پکڑے جارہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور درندگی کی داستانیں عروج پر ہیں، بھارت کے اندر بسنے والی اقلیتیں انتہا پسند ہندوئوں کے ہاتھوں جس طرح نشانہ بن چکی ہیں، بھارت کی آزادی سے ان کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جا رہا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ نریندر مودی کی حکومت کے دوران قتل عام میں اضافہ ہوا ہے۔

بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر انہوں نے کہا ہے کہ یہ دن کشمیریوں کے لیے سیاہ ترین دن ہے، پوری دنیا کے اندر کشمیری اور بھارتی بربریت کا شکار دیگر قومیں یہ دن یوم سیاہ کے طورپر منا رہی ہیں حریت قیادت کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارت کے یوم آزادی پر مکمل طور پر ہڑتال کر کے بھارت اور دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ غاصبانہ ہے، فوجی قوت کے بل بوتے پر بھارت نے کشمیر پر اپنا تسلط قائم کر رکھا ہے اور کشمیری عوام اسے کسی بھی صورت تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے، کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے اور کشمیر کی سرزمین پر بھارت کو جشن منانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ محمد غالب نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اپنے تمام تر مظالم کے باجودجنگ ہار ہو چکا، نریندر مودی بھی یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ گولی اور گالی سے مسائل حل نہیں ہونگے بھارت کے لیے نوشتہ دیوار ہے کہ وہ مذاکرات اور امن کا راستہ اختیار کرے ورنہ بھارت کا حشر سویت یونین سے کم نہیں ہوگا۔