کاکشال مسلم آباد میں گندگی کے ڈھیر ‘ عملہ صفائی غائب

August 20, 2017

پشاور(سٹی رپورٹر) حمید آباد کاکشال مسلم آباد نمبر 1‘ 2 اور 3 میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے عملہ صفائی نے مسلم آباد کا رخ کرنا بھی چھوڑ دیا ۔ تفصیلات کے مطابق کاکشال مسلم آباد نمبر 1 اور 2 کے مکینوں کا کہنا ہے کہ عملہ صفائی کی نا اہلی کی وجہ سے علاقے میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں جس سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکین شدید مشکلات سے دو چار ہیں ۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک ماہ سے عملہ صفائی علاقے میں صفائی نہیں کر رہا جس کے خلاف کئی بار شکایتیں بھی کی گئی ہیں مگر پھر بھی کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلم آباد نمبر 1 اور 2 کے عملہ صفائی کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور ہنگامی بنیادوں پر صفائی کروائی جائے اور صفائی کا سنگین مسئلہ حل کیا جائے بصورت دیگر علاقہ مکین احتجاج پر مجبور ہو جائینگے ۔