پی ٹی آئی خیبرایجنسی کاگورنرہائوس کے باہرحقوق قبائل دھرنا

August 20, 2017

پشاور(خبرنگار)تحریک انصاف خیبر ایجنسی کے زیراہتمام گورنرہاؤس پشاور کے سامنے حقوق قبائل دھرنادیاگیا۔دھرنے کی قیادت تحریک انصاف باڑہ کے رہنما عبدالغنی کر رہے تھے جبکہ دھرنے میں ایم این اے علی محمد خان، ایم این اے قیصر جمال اور ایم این اے انجینئر حامد الحق و دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پردھرنے کے شرکاء نے وفاقی حکومت کی جانب فاٹااصلاحات میں تاخیرپرشدیدنعرے بازی بھی کی۔اس موقع پر عبدالغنی اوردیگرمقررین نے کہا کہ وفاقی حکومت قبائلی عوام کو مزید اندھیروں میں رکھنے کے بجائے فاٹا اصلاحات کے نفاذ کا فور ی اعلان کرے اور قبائلی عوام کو بنیادی حقوق دے کر ان کی محرومیوں کا ازالہ کرے۔انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد اپنے حقوق کے حصول تک جاری رہے گی۔انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاکہ فاٹااصلاحات کے نفاذ کا فوری اعلان کیاجائے بصورت دیگروہ احتجاج کادائرہ وسیع کردینگے ۔