حکومت روپے کو مستحکم کرنے کے اقدامات کرے،طارق حمید

August 23, 2017

لاہور(این این آئی )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فاؤنڈرز گروپ )کے قائم مقام چیئرمین طارق حمید نے کہاہے کہ حکومت اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے رجحان کو کنٹرول کر کے اسٹاک ایکسچینج کو مستحکم رکھنے اور ڈالرائیزیشن کے رحجان پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کریں ورنہ روپیہ مزید بے قدر ہو جائے گا ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ غیر یقینی سیاسی صورتحال کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں بڑھتے ہوئے اضطراب،غیر ملکیوں سمیت انسٹیٹیوشنز و انفردی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی فروخت کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بد ترین مندی کے اثرات غالب ہیں۔

گرتی برآمدات،روپے کی قدر میں کمی اور اربوں روپے کے نئے ٹیکس کاروباری برادری کی کمر توڑ دینگے۔انہوں نے کہا کہ حکومت روپے کو مستحکم کرنے کے اقدامات کرے،روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث درآمدی مصنوعات کی کاروباری لاگت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے جس سے برآمدی صنعتوں کی پیداواری لاگت میں بھی اضافے کا امکان ہے۔ حکومت روپے کی ڈی ویلیو کے بجائے ویلیو پر توجہ دے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی کا راج ہے ،غریب کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو چکا ہے۔روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قدر میں اضافہ کے باعث ملک میں مزید مہنگائی ہو جائے گی۔