کراچی:مون سون سسٹم کمزور،آج بھی بارش کا امکان

August 23, 2017

کراچی میں مون سون کا سسٹم کمزور ہوگیا ہے لیکن شہر میں آج بھی بارش کا امکان ہے،جس کی شدت زیادہ نہیں ہوگی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کراچی عبدالرشید کا کہنا ہے کہ کراچی میں مون سون کا سسٹم اب کمزور ہوگیا ہے جس کے باعث شہر میں موسلا دھار بارش کا امکان نہیں تاہم ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش برسانے والا سسٹم بھارتی گجرات میں بنا جس کا اثر پاکستان کے ساحلی شہروں ٹھٹھہ، بدین اور کراچی میں ہوا۔

دوسری جانب کراچی میں دو روز کی بارشوں سے شہری حکومت کی کارکردگی کا پول بھی کھل گیا، مختلف علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے اور پانی کھڑا ہوگیا جب کہ کے الیکٹرک کا نظام بھی متاثرہوا۔

شہر کے کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی غائب ہوگئی، بارش کے باعث کے الیکٹرک کی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی جس کی وجہ سے 8 گرڈ اسٹیشن اور 250 فیڈر بند ہوگئے۔

فیڈر بند ہونے سے گلستان جوہر، کلفٹن، اولڈ سٹی ایریا، لیاری، ویسٹ وہارف، ماڈل کالونی، گلشن اقبال، ملیر، شاہ فیصل کالونی، صدر اور ڈیفنس سمیت کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جب کہ کے الیکٹرک کی جانب سے ہنگامی ٹیموں کے کام کرنے کے دعوے سامنے آتے رہے۔