بوڑھے بھورے ریچھ کی ایف آئی آر

September 02, 2017

تم بھول گئے ہو
تم نے اڑتیس سال پہلے
ہمارے بچوں کو خود کش جیکٹ بنانا
اور پاکستان کے اس زمانے کے جلاّد نے
جہاد کا بے جا لفظ استعمال کرنا
سکھایا تھا
اُسی زمانے میں تم نے پاکستان
کو سب سے فیورٹ قوم کہا تھا
ہم نے اس القاب کو قابل فخر
ندا اس وقت سمجھا تھا نہ آج تک
اس گمرہی کے گمان میں ہیں
تمہیں یاد دلائوں
تم نے بھٹو کو پھانسی پر چڑھوایا تھا
تم نے برہند بچیوں کو خود ہی
رسوا کیا اورخود ہی ان پر
کتاب بھی لکھوا ئی
ویت نام سے لیکر شام اوریمن تک
تمہاری ایف آئی آر بہت طویل ہے
سچ ہے ہم نے ہی یثرب رستے آئی
فنڈنگ سے ، اسلام کے جعلی حروف میں
لپٹا ہوا بے معنی جہاد
صرف اور صرف
تمہارے کہنے پر، دنیا بھر میں پھیلایا
مختاراں مائی پر کتاب
پھر وقت پڑنے پر تم نے ہی
ہمیں مجرم ٹھہرایا
سچ ملے یثرب ہی سے کہا
حافظہ اور سعدی کے دیس سے
نوجوانوں کے علاوہ عورتوں کو بھی
اس نحوست میںشامل کروایا
اب تو کیا یورپ، کیا باقی دنیا
میرے پڑھے لکھے مسلمان نوجوان
انسانیت کے نام پر دھبہ بنے ہوئے ہیں
تم نے ان دجاّلوں کا ساتھ دیا
جنہوں نے فلسطینیوں سے
سستی زمینیں خرید کر
اپنے ملک کا اعلان کیا
وہی لوگ القدس کی مسجد میں
مسلمانوں کو سجدہ نہیں کرنے دیتے
سب کچھ بوڑھے ریچھ تمہارے کہنے پر
ہو رہا ہے!
اب وہ تمہارے چہیتے ہوگئے ہیں
جو زعفران کے کھیتوں میں
گولیاں بورہے ہیں
دنیا کے امن کو
تمہاری زہر میں بجھی تقریریں
تباہ نہیں کرسکتی ہیں
ہم تو اپنے ملک کے لوگوں کا ذہن بھی
نہیں پڑھ سکتے ہو
تم تباہی کا طاعون پھیلانے والے
عورتوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال
کرنے والے بوڑھے ریچھ ہو
تمہاری خریدی ہوئی صدارت کو
تاریخ شداد کی طرح یاد کرے گی
ہماری فکر مت کرو
ہم تو فرقوں کے نام پر
ایک دوسرے کا سر تن سے جدا کرکے
اللہ و اکبر کہتے ہیں
ہم تو عباسیوں کے زمانے سے
قتل کرنے والوں کو تخت پر بٹھاتے آئے ہیں
ہم اچھے مسلمان نہیں
اس لئے ڈاکٹر روتھ
ساری عمر پاکستانیوں کی خدمت کرنے کے باوجود
مسلمان نہیں ہوئی
مگر ہم سچے جان پہ کھیل جانے والے
پاکستانی ہیں
بھورے ریچھ ! تمہاری حمایت
کوئی قوم نہیں کرے گی!
جرمن خاتون

.