رونی کی ڈرائیونگ پر دوسال کی پابندی عائد

September 19, 2017

مدہوشی انسان کو کہیں کا نہیں چھوڑتی۔ یہ بات انگلش فٹ بالر وین رونی پر صادق آتی ہے۔ انہیں شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کرنے کے جرم میں ڈرائیونگ کرنے پر دو سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

31 سالہ رونی کو رواں ماہ کے آغاز میں مقررہ حد سے زیادہ الکوحل استعمال کرتے ہوئے گاڑی چلانے کے جرم میں حراست میں لیا گیا تھا تاہم بعد میں انہیں ضمانت پر رہائی دی گئی تھی۔

پیر کو عدالت نے انہیں پابندی کی سزا سنائی۔ انہیں 100گھنٹے مفت کمیونٹی سروسز بھی انجام دینا ہوں گی۔ رونی نے اپنے بیان میں کہا کہ میں اپنے کیے پر بہت شرمندہ ہوں اور عوام سے معافی مانگتا ہوں۔

رونی کا کہنا تھا کہ میں اپنے اہلخانہ، کلب اور منیجر سے بھی معافی مانگ چکا ہوں اور سزا کو کھلے دل سے تسلیم کرتا ہوں۔