اب خاقان کی باری ہے، این ایل جی کیس میں اندر کراؤنگا، شیخ رشید

September 19, 2017

پاکستان عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد کہتے ہیں کہ 2 کیس جیتا ہوں،اب خاقان کی باری ہے، جو نفلوں کی مار ہے، خاقان عباسی کو این ایل جی میں اندر کراؤں گا، انہوں نے 20 کروڑ لوگوں کی ناک کٹوائی ہے۔

حیدرآباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یہاں عوام کاسمندر ہے، دادو میں تو جلسی ہوئی تھی۔

انہوں نے سوال کیا کہ رانا ثناء اللہ جیسےکوئی وزیر ہوتے ہیں؟ چوہدری نثار بلاول مت بنو، شہباز شریف دل پر ہاتھ رکھ کر فیصلہ کرو، ملک میں کرپشن ختم نہیں ہوئی تو غریب کو کچھ نہیں ملے گا۔

شیخ رشیدنے مزید کہا کہ چوروں اورلٹیروں سے نجات صرف عمران خان دلاسکتا ہے، آج نیب کی عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے جو ان کی بنائی ہوئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرےپاس ایک گولی والاپستول ہے،جو 62، 63 میں نوازشریف کوٹھک کرکےلگا، اب پورے ٹبر کو گھیرے میں لے لیا ہے۔