کاروبار حصص میں آخری روز اتار چڑھائو،سرمائے میں 5 ارب سے زائد کا اضافہ

September 23, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز ملا جلا رحجان دیکھنے میں آیا ، 100انڈیکس میں 24.84پوائنٹس کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ مارکیٹ کیپٹل میں 5.20ارب کا اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم شیئرز کی خرید وفروخت میں گزشتہ روز کی نسبت 3.36کروڑ کی کمی واقع ہو ئی ،تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو ملکی سیاسی و اقتصادی صورتحال اور بین لاقوامی حالات کی وجہ سے سرمایہ کار محتاط نظر آئے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد ملا جلارجحان دیکھا گیا ،مارکیٹ کے اختتام پر 100انڈیکس 24.84پوائنٹس کی کمی سے 42750.20پوائنٹس پر بند ہوا ،30انڈیکس میں 28.31پوائنٹس کی کمی ہو ئی اور یہ 21881.04پوائنٹس پر آگیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس میں 18.50پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،مارکیٹ میں شیئرز کی خرید و فروخت گذشتہ روز کی نسبت 3کروڑ 36لاکھ 65ہزار شیئرز کم رہا ،ٹریڈنگ ویلیو میں بھی گذشتہ روز کی نسبت 3ارب 25کروڑ 94لاکھ کی کمی ہو ئی لیکن مارکیٹ کیپٹل گذشتہ روز کی نسبت 5ارب 20کروڑ 12لاکھ روپے بڑھ گیا ،ٹرن اوور کے لحاظ سے ورلڈ ٹیلی کام ،اینگرو پولیمر اور کے-الیکٹرک نمایاں رہے مارکیٹ میں جمعہ کو ہینو پاک موٹرز اور اٹلس ہنڈا کے شیئرز کی قیمت سب زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو کہ بالترتیب 29.72روپے اور 22.48روپے رہی دوسری جانب مر ی بروری اور انڈس ڈائنگ کے شیئرز کی قیمت میں سب سے زیادہ کمی واقع ہوئی جو کہ 40.10روپے اور 26.24روپے رہی ،مارکیٹ کے فیوچر کنٹریکٹ میں 115پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔