سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اصل مجرم بے نقاب ہو چکے ، شجاعت

September 23, 2017

لاہور (نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سینئر رہنما چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اصل مجرم بے نقاب ہو چکے ، جلد ہی کیفر کردار کو پہنچ جائیں گے۔ ہائیکورٹ کے واضح حکم کے باوجود پنجاب حکومت ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ مسلم لیگ (ق) سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہر سطح پر عوامی تحریک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ جلد از جلد پبلک کی جائے۔

مجرم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے لواحقین کی دادرسی نہیں ہونے دے رہے۔ ہمارا ایمان ہے کہ ظالم جلد اللہ کی پکڑ میں آئیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت کب تک انصاف کی راہ میں رکاوٹیں ڈالے گی، انصاف ہر حال میں ہوگا کیونکہ مجرم جتنا مرضی چھپ جائیں ایک نہ ایک دن قانون کی پکڑ میں ضرور آتے ہیں۔ دریں اثناء دونوں رہنمائوں سے مسلم لیگ (ق) جہلم کے وفد نے چودھری عارف اور عابد جوتانہ کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں محمد عبداللہ عاصم، ارم اعجاز، ماریہ اعجاز اور انعام الحق ایڈووکیٹ شامل تھے جبکہ نادر گل ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔